لاہور/کراچی (رم نیوز)ملک بھر میں عید الاضحیٰ کے تیسرے روز جہاں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے، وہیں شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی تعطیلات کا بھرپور لطف اٹھانے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔عید کے آخری روز بھی صبح سویرے سے ہی گلی محلوں میں جانوروں کی قربانی کا عمل جاری ہے۔ گھروں میں تکہ بوٹی، مٹن کڑاہی اور پشاور نمکین گوشت کی تیاریوں نے فضا کو خوشبوؤں سے مہکا دیا ہے۔ گوشت کے خاص پکوان تیار کرنے کے لیے ماہر باورچیوں اور کبابیوں کے ڈیرے لگے ہوئے ہیں، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد اپنی پسند کے پکوان بنوانے کے لیے قطاروں میں نظر آتی ہے۔پہلے اور دوسرے دن قربانی کے فرائض سے فارغ ہونے والے خاندانوں نے آج کا دن "آؤٹنگ" کے نام کر دیا ہے۔ بیشتر شہریوں نے دوپہر کا کھانا گھر پر کھانے کے بعد شام کا وقت کھلی فضا میں گزارنے کے لیے پہلے ہی پروگرام ترتیب دے رکھے ہیں۔
قربانی سے فراغت، اب سیر سپاٹوں کی باری: شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا