راولپنڈی (رم نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے عالمی یومِ امن دستہ کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے مشنز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی جوان عالمی امن کے لیے خدمات پیش کر چکے ہیں، جبکہ اس مقدس مقصد کی خاطر 183 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی دستے اس وقت بھی کانگو اور جنوبی سوڈان سمیت دیگر ممالک میں انسانی امداد اور فوجی آپریشنز میں پیش پیش ہیں۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ "Invest in Peace" کے مرکزی پیغام کے تحت پاکستان عالمی امن اور انسانیت کی خدمت کے لیے اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے اپنا نمایاں کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔