"قوم عید منائے، ہم پہرے پر موجود ہیں":سیاچن کے برفیلے محاذ سے جوانوں کا پیغام

سیاچن (رم نیوز) عید الاضحیٰ کے موقع پر دنیا کے بلند ترین محاذِ جنگ، سیاچن گلیشیئر پر تعینات پاک فوج کے بہادر جوانوں نے قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطن کے دفاع کے عزم کو دہرایا ہے۔سخت سردی اور برف پوش چوٹیوں پر مامور جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب پوری قوم خوشیاں منا رہی ہے، وہ ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سبز ہلالی پرچم کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ جوانوں نے قوم سے ملک کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی۔