قومی سلامتی کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر کام کریں گے، صدر آصف علی زرداری

مورو (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کی مضبوطی اور ترقی کے لیے ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔مورو میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا متحد ہونا ضروری ہے۔ صدر نے واضح کیا کہ ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کا ساتھ دیں گے تاکہ پاکستان کو ایک طاقتور ریاست بنایا جا سکے۔

انہوں نے ماضی کی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان نے بھارتی طیارے گرائے تو دشمن کی عقل ٹھکانے آگئی تھی۔ پاکستان نے ایک ہفتے کی جنگ میں بھارت کو یادگار سبق سکھایا۔ صدر زرداری نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو میڈیا پر نہیں دکھایا جاتا، بھارتی قیادت سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی خطے میں امن و استحکام کی اصل ضامن ہے۔صدر زرداری نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ادارے اور عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنائیں گے۔