اسلام آباد(رم نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے رجسٹرڈ ووٹرز کی نئی اور اپ ڈیٹڈ فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 71 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے نئے اعداد و شمار کے مطابق، حالیہ فہرستوں میں خواتین ووٹرز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 38 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مرد ووٹرز کی کل تعداد 7 کروڑ 32 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاری کردہ سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبہ پنجاب 7 کروڑ 79 لاکھ 55 ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ سرِفہرست ہے۔ صوبہ سندھ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 72 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 2 کروڑ 34 لاکھ سے زائد اور بلوچستان میں 57 لاکھ 65 ہزار سے زائد ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹرز کی کل تعداد 12 لاکھ 54 ہزار سے زائد ہے۔
ملک بھر میں ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 71 لاکھ سے متجاوز، الیکشن کمیشن نے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے