لبنان سے اسرائیلی افواج کا فوری انخلا اور جنگ بندی کی جائے، پاکستان کا اقوام متحدہ میں مطالبہ

نیویارک (رم نیوز)پاکستان نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں لبنان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور لبنانی حدود سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ اسرائیل نے اب تک لبنان کے تقریباً 20 فیصد رقبے پر غیر قانونی قبضہ کر لیا ہے، جبکہ مارچ سے جاری کارروائیوں میں 3,400 سے زائد لبنانی جاں بحق اور 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے اسرائیلی اقدامات کو اندھا دھند قتل عام اور جبری بے دخلی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ پائیدار امن صرف سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ کی کوششوں سے بیروت کے لیے ایک جزوی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے اب بھی جاری ہیں۔