مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں کا تشدد، اقوام متحدہ کا 'نسلی تطہیر' کے خدشات پر عالمی برادری کو انتباہ

نیویارک (رم نیوز) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے 14 ماہرین نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کے لیے ایک سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز سمیت دیگر ماہرین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آبادکاروں کے منظم حملے فلسطینیوں کی روزمرہ زندگی میں خوف و ہراس کا مستقل ذریعہ بن چکے ہیں۔ ان پرتشدد کارروائیوں کے باعث پیدا ہونے والے گہرے عدم تحفظ کی وجہ سے مقامی آبادی کو زبردستی اپنے آبائی علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین نے واضح کیا کہ آبادکار تحریک کے یہ مسلسل حملے خود اسرائیلی حکومت کی حمایت اور خاموش رضامندی کے ساتھ انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان جرائم پر سزا سے استثنیٰ اور جوابدہی کا فقدان صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے، جس سے 'نسلی تطہیر' جیسے خطرات کو تقویت مل رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ماہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معصوم شہریوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔