جنوبی پنجاب میں ڈھائی ارب روپے کا میگا شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، 7 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ سرسبز بنایا جائے گا

لاہور(رم نیوز)حکومتِ پنجاب نے صوبے میں سموگ، ہیٹ ویو اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات سے نمٹنے کے لیے ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 2 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کا خطیر شجرکاری منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت ڈی جی خان فاریسٹ سرکل کی 7 ہزار 249 ایکڑ خالی جنگلاتی اراضی کو سرسبز بنایا جائے گا۔ چونکہ یہ سرکل پنجاب کے 57 فیصد دریائی جنگلات پر مشتمل ہے، اس لیے دریائی جنگلات پر قبضوں کی روک تھام کے لیے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ اور کوٹ ادو کی خالی زمینوں پر فوری پودے لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آبپاشی کے واسطے شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویلز نصب کیے جائیں گے، جبکہ مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے درخت مثلاً شیشم، کیکر، نیم، بیری اور شہتوت لگائے جائیں گے۔ حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد کاربن ذخائر میں اضافہ، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کا استحکام ہے۔