امریکہ اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی تصادم، میزائل اور ڈرون حملے

تہران/واشنگٹن(رم نیوز) امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جہاں آج صبح سویرے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کے متضاد دعوے کیے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے ایرانی جزیرے قشم کے کمیونیکیشن ٹاور پر حملہ کیا، جس کے جواب میں انہوں نے بحرین میں قائم امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر اور ایئربیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ ایرانی عسکری حکام نے امریکا کے ساتھ جنگ کو ناگزیر قرار دے دیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے تمام میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکا کے مطابق کویت اور بحرین کی طرف داغے گئے ایرانی میزائل مار گرائے گئے اور ففتھ فلیٹ پر حملے کا ایرانی دعویٰ جھوٹا ہے۔ مزید برآں، امریکی افواج نے ایرانی جزیرے خارگ کی طرف جانے والے ایک آئل ٹینکر کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے۔اس تازہ تصادم کے بعد خطے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔