کراچی(رم نیوز) محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ بحرالکاہل میں 2016ء کے بعد 'ایل نینو' کا موسمیاتی نظام دوبارہ سرگرم ہو گیا ہے، جس کے اثرات کے باعث پاکستان میں رواں سال معمول سے کم بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ایل نینو کے باعث تھرپارکر سمیت پورے سندھ میں رواں مون سون کے دوران معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں۔ کراچی میں بھی آنے والے دنوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت 5 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ رات مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز ہوائیں چلیں اور بارش ہوئی۔ اس دوران موئن جوداڑو میں 32 ملی میٹر اور روہڑی میں 20 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ خیرپور، دادو اور گھوٹکی میں مزید بارش متوقع ہے۔
بحرالکاہل میں 'ایل نینو' فعال، پاکستان میں رواں سال کم بارشوں اور شدید گرمی کی پیشگوئی