عوام کو ریلیف اور غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے غیر رسمی شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔یہ بات انہوں نے میاں محمد منشاء، عارف حبیب اور گوہر اعجاز سمیت ملک کے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات کا بنیادی مقصد بجٹ کی تیاری اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے کاروباری برادری کو اعتماد میں لینا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی پالیسی کا محور برآمدات میں اضافہ، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ دوسری جانب کاروباری وفد نے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی، ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی اور بجٹ مشاورت کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے معاشی بحالی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔