شرجیل میمن اور محسن نقوی کی ملاقات: وفاق اور سندھ میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(رم نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی امن و امان، منشیات کے خاتمے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سندھ حکومت کو مبارکباد دی اور سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہر ممکن وفاقی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر شرجیل میمن نے زور دیا کہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے، اور سندھ حکومت جرائم کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔ دونوں رہنماؤں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔