کوئٹہ(رم نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت تعلیمی اصلاحات کے اجلاس میں کئی انقلابی فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔ نئے اقدامات کے تحت صوبے کے تمام پرائمری سکولوں کو 'جینڈر فری' قرار دے دیا گیا ہے، جس کے بعد اب بچے اور بچیاں ایک ہی سکول میں بنیادی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ پرائمری سطح تک سکول یونیفارم کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور سرکاری سکولوں سے روایتی ٹاٹ کلچر کا خاتمہ کر کے بچوں کے لیے ڈیسک فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا کوئی بھی بچہ اب فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل نہیں کرے گا، اور مقررہ مدت کے بعد اس قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں صوبے کے 900 سکولوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے اور 3 ہزار سنگل روم سکولوں میں اضافی کمرے تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
بلوچستان میں تعلیمی اصلاحات،پرائمری سکول 'جینڈر فری' قرار، یونیفارم کی شرط اور ٹاٹ کلچر ختم