مخالفین کا واحد مقصد پی ٹی آئی کو روکنا ہے، حالات نہ بدلے تو سسٹم سے باہر نکلنے کا آپشن بھی زیر غور لایا جاسکتا ہے : بیرسٹر گوہر

گلگت(رم نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو انتخابی مہم چلانے سے روکنا پری پول دھاندلی کے مترادف ہے، اور پارٹی رہنماؤں سمیت اراکینِ قومی اسمبلی کو روکنا یا صوبہ بدر کرنا آئین و جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ گلگت بلتستان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جو عناصر اپنے حلقے ہار چکے ہیں، وہ اب یہاں کے عوام سے ووٹ مانگنے آئے ہیں، لیکن گلگت بلتستان کے خوددار لوگ ایسے نظریات کو یکسر مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی صرف پی ٹی آئی کو روکنے تک محدود ہے تاکہ وہ انتخابات جیت سکیں، مگر عوام اب ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے سخت موقف اپناتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں ختم نہ کی گئیں، تو قیادت اسمبلیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرے گی اور حالات نہ بدلنے کی صورت میں سسٹم سے باہر جانے کا آپشن بھی زیرِ غور لایا جا سکتا ہے۔