اسلام آباد(رم نیوز) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے فعال سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی ایران تنازع میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے چین، امریکہ اور یورپی یونین کی قیادت سمیت عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں اور رابطے کیے ہیں۔ بھارت کے ساتھ آبی تنازع پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہے، جسے پاکستان کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے عالمی فورمز پر اپنی آواز اٹھاتا رہے گا۔
بھارتی آبی جارحیت خطے کے لیے خطرہ، ایران امریکہ تنازع پر پاکستان کا سفارتی کردار عالمی سطح پر سراہا گیا: ترجمان دفتر خارجہ