ایران کا امریکی فوج پر حملہ جنگ کا سبب بنے گا، ڈونلڈ ٹرمپ کی وارننگ

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے کسی باقاعدہ معاہدے کے بغیر بھی افزودہ یورینیم حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم امریکی فوج پر ایرانی حملہ جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز بن جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ڈیل کی صورت میں ایران کو نیوکلیئر ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں ہوگی اور آبنائے ہرمز کو فوری کھول دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے لبنانی صورتحال پر حزب اللہ سے گفتگو کا انکشاف بھی کیا، جبکہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے صدر زیلنسکی اور صدر پیوٹن کے درمیان براہِ راست ملاقات اور مصالحت پر زور دیا۔دوسری جانب امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق، ٹرمپ مشرقِ وسطیٰ میں وسیع علاقائی جنگ سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مشیروں کو بتایا ہے کہ جب تک تہران براہِ راست امریکی فوجیوں کو ہلاک نہیں کرتا، وہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی یا جنگ بندی ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔