آزاد کشمیر اسمبلی: مہاجرین کی نمائندگی کو تاریخی اور آئینی حقیقت قرار دینے کی قرارداد منظور

مظفر آباد(رم نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں مہاجرین کی نمائندگی کو تاریخی اور آئینی حقیقت قرار دینے کی اہم قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ یہ قرارداد صوبائی وزیر خزانہ قاسم مجید نے ایوان میں پیش کی، جس میں واضح کیا گیا کہ آئینی اصلاحات کا عمل صرف اور صرف عوام کے منتخب نمائندوں کا خصوصی اختیار ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوامی مطالبات اور مسائل سے جڑے 98 فیصد معاملات کو کامیابی سے حل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول سے متصل علاقوں سمیت پوری ریاست میں تمام بنیادی سہولیات مثالی طور پر موجود ہیں اور حکومتِ آزاد کشمیر عوام کو صرف تین روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کر کے بڑا ریلیف دے رہی ہے۔