اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندر کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس نے پاکستان کی ساحلی زندگی اور ملکی معیشت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے واضح کیا کہ بحیرہ عرب میں سمندری درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جس کے باعث گرم سمندری پانی کی وجہ سے مستقبل میں طوفانوں کی شدت اور ان کی تعداد میں اضافے کا بڑا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں ہی کے نتیجے میں ہیٹ ویوز، خشک سالی اور سیلاب کے تلاطم میں تیزی آئی ہے، جس سے انسانی صحت، زراعت، معیشت اور ساحلی آبادیوں کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ جنید انوار چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سمندر کی سطح بلند ہونے اور ساحلی کٹاؤ سے انڈس ڈیلٹا بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے مچھلیوں کی نقل مکانی اور ہیٹ ویوز کا اثر براہِ راست ماہی گیری کے شعبے پر پڑ رہا ہے، جبکہ ہماری بندرگاہوں، ماہی گیر بیڑوں اور مجموعی ساحلی انفراسٹرکچر کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں انتباہی نظام (ارلی وارننگ سسٹم) کو فوری طور پر مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔