پاکستان اور روس میں غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کا معاہدہ، افغانستان میں دہشت گرد کیمپوں پر تشویش

بشکیک(رم نیوز)کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔ پاک روس وزرائے داخلہ ملاقات میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، غیر قانونی مقیم شہریوں کی وطن واپسی اور انسدادِ منشیات کے لیے باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ دوسری جانب، پاکستان اور تاجکستان نے افغانستان میں منشیات کی پیداوار اور وہاں سرگرم 25 دہشت گرد تنظیموں کے کیمپوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا۔ ازبکستان اور قازقستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے لیے ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ کرغزستان کو اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے پر مبارکباد دی گئی۔