گلگت(رم نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک پاکستان پیپلز پارٹی 9 نشستیں حاصل کر کے سب سے آگے ہے۔ اتوار کو صبح سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ ہوئی، جس میں ووٹرز کا شدید رش دیکھا گیا۔ اب تک 24 میں سے 18 نشستوں کے مکمل نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی نے 9، آزاد امیدواروں نے 5، مسلم لیگ (ن) نے 3 اور مجلس وحدت مسلمین (MWM) نے 1 نشست حاصل کی ہے۔ پیپلز پارٹی نے گلگت، نگر، اسکردو، کھرمنگ، شگر اور غذر کے اہم حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ن لیگ غذر، گھانچے اور استور کے بعض حلقوں میں آگے ہے۔ دیامر اور استور کے بقیہ حلقوں میں جزوی نتائج کے مطابق گنتی کا عمل تاحال جاری ہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن حتمی سرکاری اعلان کرے گا۔
جی بی انتخابات: پیپلز پارٹی 9 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے، غیر حتمی نتائج جاری