سمندروں کا تحفظ زمین کے ماحولیاتی توازن اور انسانی بقا کی ضمانت ہے: وزیر بحری امور

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں سمندری وسائل اور بحری ماحول کے تحفظ کے لیے فوری عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سمندر محض ایک ماحولیاتی نظام نہیں بلکہ زمین کے ماحولیاتی توازن اور انسانی بقا کے بنیادی ضامن ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ سمندری آلودگی کے خاتمے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ (کچرے کو ٹھکانے لگانے) کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مینگرووز کی بڑے پیمانے پر شجرکاری ماحولیاتی بحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث بحری حیات کو شدید خطرات لاحق ہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو ساحلی خطرات کے ساتھ ساتھ مالی وسائل کی کمی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے یورپی یونین کے 'اوشین آئی' اقدام کو بحری تعاون کے فروغ میں ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے ڈیٹا شیئرنگ اور بحری جدت میں عالمی اشتراک کو ناگزیر قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو سمندری تحفظ کی آگاہی مہمات کا سرگرم حصہ بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپیل کی کہ ساحلی معیشتوں کے محفوظ مستقبل کے لیے حکومت، صنعت اور سول سوسائٹی کو مل کر مشترکہ اور مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔