تہران(رم نیوز) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ کو حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسرائیل کی پشت پناہی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کا پابند تھا، لیکن مسلسل خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رہا جائے گا اور دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
ترجمان نے غزہ میں تین سال سے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی پر مصر کی خاموشی اور ایران کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے دینے والے دیگر پڑوسی ممالک پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جوہری ادارے (IAEA) کے سربراہ رافیل گروسی پر بھی حقائق کو نظر انداز کرنے اور ایران مخالف متعصبانہ رویہ اپنانے کا الزام لگایا، جبکہ امریکی تضادات کے باعث پاک سفارتی مذاکرات کے مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔