کراچی(رم نیوز) عالمی مارکیٹ میں جاری مندی کے باعث پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں بھی کاروباری ہفتے کے پہلے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ہفتے کے روز ہونے والی بڑی کمی کے بعد آج پیر کو بھی قیمتیں مزید گر گئیں۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں کاروباری دن کے آغاز پر فی اونس سونے کی قیمت 30 ڈالر 94 سینٹس کم ہو کر 4 ہزار 297 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔
عالمی مارکیٹ کی اس صورتحال کے باعث مقامی سطح پر 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 94 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 52 ہزار 233 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح فی 10 گرام سونا بھی 2 ہزار 785 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 86 ہزار 987 روپے کا ہو گیا ہے۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان رہا۔ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 94 روپے کم ہو کر 7 ہزار 173 روپے، جبکہ فی 10 گرام چاندی 86 روپے کی کمی کے ساتھ 6 ہزار 116 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن (ہفتے کو) بھی عالمی مارکیٹ میں سونا 124 ڈالر سستا ہوا تھا، جس کے زیرِ اثر مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 12 ہزار 489 روپے اور فی 10 گرام سونا 11 ہزار 240 روپے سستا ہو گیا تھا۔