منیلا (رم نیوز) فلپائن کے جنوبی علاقوں میں آنے والے 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 35 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق، اس شدید زلزلے کے باعث کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو اداروں نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں سے 10 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد 6.7 شدت کا بڑا آفٹر شاک محسوس کیا گیا ہے اور مزید لرزشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ اس ہنگامی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فلپائن کے جنوبی حصوں سے چلنے والی 17 اندرونی پروازیں بھی فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔