عالمی کرکٹ پر حسن علی کا راج، افغانستان کے راشد خان کا ریکارڈ توڑ ڈالا

لندن (رم نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا ایک بڑا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے دنیا کے تیز ترین 350 وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انگلینڈ میں جاری وائٹلٹی بلاسٹ ٹی 20 لیگ میں لیسٹر شائر کے خلاف میچ کے دوران حسن علی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں اڑا کر یہ تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔ چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے بہترین بولر قرار پانے والے حسن علی نے یہ کارنامہ صرف 243 میچز میں سرانجام دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تیز ترین 350 وکٹوں کا عالمی ریکارڈ افغانستان کےسٹار سپنر راشد خان کے پاس تھا، جنہوں نے 251 میچز کھیل کر یہ ہدف حاصل کیا تھا، تاہم حسن علی نے راشد خان کا یہ ریکارڈ توڑ کر کرکٹ کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔