تہران کا امام خمینی ایئرپورٹ پروازوں کے لیے دوبارہ بحال، پہلی پرواز کی لینڈنگ

تہران (رم نیوز) ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد بند کیا جانے والا تہران کا بین الاقوامی امام خمینی ایئرپورٹ پروازوں کی آمد و رفت کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ منگل 9 جون کی علی الصبح سعودی عرب سے حجاج کرام کو واپس وطن لے کر آنے والی پہلی پرواز نے ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ اتوار کی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے اور اس کے جواب میں اسرائیل کی طرف سے ایران کے متعدد شہروں پر فضائی و میزائل حملوں کے بعد تہران ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر منسوخ کر دی گئی تھیں۔ امام خمینی ایئرپورٹ کے آپریشنز کے نائب ڈائریکٹر جواد صالحی نے فضائی آپریشنز کی بحالی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صورتحال معمول پر آنے کے بعد ایئرپورٹ کو کھول دیا گیا ہے اور حجاج کرام کی پہلی پرواز تہران پہنچ چکی ہے، جس کے بعد دیگر پروازوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔