کراچی (رم نیوز) کراچی کے ضلع جنوبی (ساؤتھ) کے تعلیمی اداروں میں منشیات اور ویپنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے "نوجوانوں کا تحفظ، محفوظ مستقبل" کے عنوان سے ایک انقلابی اینٹی ڈرگ پالیسی کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کی جانب سے تیار کردہ یہ ڈرافٹ مشاورت اور حتمی منظوری کے لیے تعلیمی اداروں کو بھیج دیا گیا ہے۔ پالیسی ڈرافٹ کے تحت تمام تعلیمی اداروں کو ’’ڈرگ فری، ٹوبیکو فری اور ویپ فری زون‘‘ قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ڈرافٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ والدین کی رضامندی سے طلبہ کی اسکریننگ اور ڈرگ ٹیسٹنگ کی جائے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر قانونی حدود کے اندر رہتے ہوئے طلبہ کے بستوں اور لاکرز کی تلاشی بھی لی جا سکے گی۔ مزید برآں، داخلے کے وقت والدین کے لیے اینٹی ڈرگ اعلامیہ جمع کرانا لازمی ہوگا۔ اس پالیسی کے تحت تعلیمی اداروں میں پرنسپل، اساتذہ، والدین اور پولیس نمائندوں پر مشتمل انسداد منشیات کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ اگر کسی طالب علم کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو اسے سزا دینے کے بجائے بحالی اور علاج کی طرف لایا جائے گا اور اس کی رازداری کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور سوشل میڈیا پر منشیات کی ترسیل پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔