اسلام آباد (رم نیوز)بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مئی 2026 کے دوران ریکارڈ 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئی ہیں، جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران آنے والی سب سے بڑی رقم ہے۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، مئی کے مہینے میں آنے والی رقم گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 20 فیصد جبکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 15 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس شاندار اضافے کے بعد رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔ وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اس پیش رفت پر اپنے بیان میں کہا کہ ترسیلاتِ زر میں یہ نمایاں اضافہ ملکی معیشت پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا اظہار ہے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی شعبے کو مزید استحکام ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مالی سال کے اختتام تک سالانہ ترسیلاتِ زر پہلی مرتبہ 41 ارب ڈالر کی تاریخی سطح سے تجاوز کر جائیں گی۔