قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس شروع ہوگیا

اسلام آباد(رم نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔ اس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی حتمی منظوری دی جائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر اعلی سندھ، بلوچستان اور وزیراعلی کے پی ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور چیف سیکرٹری پنجاب شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ملک بھر کے لیے مجموعی طور پر 4,194 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ اس مجموعی حجم میں سے وفاق کا حصہ 1,050 ارب روپے جبکہ صوبوں کے لیے مجموعی طور پر 3,138 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ بجٹ کے مطابق پنجاب کے لیے سب سے زیادہ 1,450 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے لیے 816 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے لیے 564 ارب روپے اور بلوچستان کے لیے 308 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔