لاہور(رم نیوز)پنجاب حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے لاہور سمیت صوبے بھر کے رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی صنعتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں ان تمام صنعتی یونٹس کے این او سیز (NOCs) فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ لاہور میں اب تک 5 ہزار 206 غیر قانونی صنعتوں کی نشان دہی کی جا چکی ہے، جن میں سے 4 ہزار 514 رہائشی حدود کے اندر کام کر رہی ہیں۔ یہ کارخانے، خصوصاً پلاسٹک، تار اور چربی پگھلانے والے یونٹس، کینسر اور پھیپھڑوں کی سنگین بیماریوں کا سبب بن رہے ہیں۔ حکومت ان صنعتوں کو مرحلہ وار شہر سے باہر مخصوص زونز میں منتقل کرے گی جہاں صنعت کاروں کو رعایتی زمین اور بجلی، پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
رہائشی علاقوں میں آلودگی پھیلانے والے یونٹس کے خلاف گرینڈ ایکشن، تمام لائسنس فوری منسوخ