امریکہ اور ایران میں شدید فوجی تصادم، 3 ممالک میں امریکی اڈوں پر حملے، آبنائے ہرمز بند کرنے کا دعویٰ

تہران، واشنگٹن (رم نیوز) امریکہ کی جانب سے آج صبح ایران کے مختلف شہروں پر فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک میں براہِ راست تصادم شروع ہوگیا ہے۔ ایران نے امریکی کارروائی کے جواب میں بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوج کے 18 اہداف کو نشانہ بنانے اور سٹریٹجک اہمیت کی حامل 'آبنائے ہرمز' کو مکمل بند کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے مطابق، اردن کے الأزرق ایئر بیس پر 12 بیلسٹک میزائل داغ کر امریکی F-35، F-15 اور F-16 لڑاکا طیاروں کو تباہ کیا گیا، جبکہ بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے پیٹریاٹ سسٹم کے ریڈارز پر ڈرون حملے کیے گئے۔ اس ہنگامی صورتحال کے باعث کویت نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور بحرین نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔