کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں 12 جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت کئی شہروں میں گرمی کا راج رہے گا۔ شہرِ قائد میں آج بھی موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 30.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد تک پہنچنے کی وجہ سے گرمی کی تپش زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، تاہم سمندری ہوائیں 22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے ایک متوازی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے 15 جون تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔