بھارتی پروپیگنڈا مسترد، صومالی قزاقوں کے چنگل سے پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز: دفترِ خارجہ

اسلام آباد (رم نیوز)ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ ہے اور بھارت غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے مقبوضہ وادی کی ابتر صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔

ترجمان نے بتایا کہ صومالیہ میں 50 روز سے قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی کارگو عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالی ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے جبکہ صومالی سفیر کو بھی طلب کر کے تحفظات ریکارڈ کرائے گئے ہیں۔ مزید برآں، دفترِ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر جنگ بندی کے احترام اور مذاکرات کا راستہ اپنانے پر زور دیا ہے۔