آئی سی سی کے فیصلے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کا ویمنز انٹرنیشنل شیڈول تبدیل، نیا شیڈول جاری

لاہور (رم نیوز) آئی سی سی ویمنز چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول میں تبدیلی کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو اپنے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ سیزن میں اہم رد و بدل کرنا پڑ گیا ہے، جس کے بعد اب آسٹریلوی بورڈ نے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے ویمنز چیمپئنز ٹرافی کو آئندہ برس جون کے بجائے فروری اور مارچ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے سے طے شدہ سیریز سے ٹکرا رہا تھا، جس کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو اپنے ہوم سیزن کی تاریخیں تبدیل کرنا پڑیں۔ نئے شیڈول کے تحت اب نیوزی لینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم ون ڈے سیریز کے لیے مارچ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اکتوبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ اس کے علاوہ، بنگلہ دیش ویمنز ٹیم نے بھی اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے تھے، تاہم اب نئے شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان اکتوبر میں صرف تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔