وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات؛ بجٹ تجاویز پیش، کراچی پیکج اور گورنر کی تبدیلی پر اہم گفتگو

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ملاقات کی، جس میں وفد کی جانب سے حکومت کو بجٹ کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آئین کے آرٹیکل 140 اے، کراچی و حیدرآباد ترقیاتی پیکج اور گورنر سندھ کی تبدیلی جیسے اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ سندھ کی گورنر شپ ایم کیو ایم کے پاس ہونی چاہیے۔ اس پر حکومتی وفد نے جواب دیا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی ایم کیو ایم کو اعتماد میں لے کر ہی کی گئی تھی، تاہم آئندہ اس معاملے کو دوبارہ دیکھا جائے گا۔ دوسری جانب حکومت نے ایم کیو ایم کو آرٹیکل 140 اے اور کراچی و حیدرآباد پیکج پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اسحاق ڈار، رانا ثناء اللّٰہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء تارڑ اور توقیر شاہ بھی موجود تھے۔