کراچی پورٹ پر سالانہ 2 ہزار سے زائد جہازوں کی لنگر اندازی کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد (رم نیوز) پاکستان کی بحری تجارت میں ایک بڑا اور تاریخی بریک تھرو سامنے آیا ہے۔ کراچی پورٹ نے تقریباً 8 سال بعد پہلی مرتبہ ایک سال کے دوران 2 ہزار سے زائد جہازوں کی آمد کا سنگِ میل عبور کر کے ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اور امید افزا اشارہ دے دیا ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس تاریخی کامیابی کی تفصیلات بتاتے ہوئے اعلان کیا کہ جولائی 2025 سے 13 جون 2026 تک کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 2 ہزار 3 جہاز لنگر انداز ہوئے، جو مالی سال 2017-18 کے بعد پہلی مرتبہ 2 ہزار کی حد سے تجاوز ہے۔

گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں جہازوں کی آمد میں 7.5 فیصد کا واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔پورٹ پر آنے والے جہازوں کا مجموعی گراس رجسٹرڈ ٹنیج 3 فیصد اضافے کے ساتھ 8 کروڑ 44 لاکھ 30 ہزار ٹن سے تجاوز کر گیا ہے۔ 1887 سے قائم یہ بندرگاہ آج بھی کنٹینرائزڈ کارگو اور عمومی تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لیے ملک کا سب سے بڑا تجارتی گیٹ وے ہے۔ وفاقی وزیر نے اس سنگِ میل کو کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم کی مسلسل کاوشوں، بندرگاہی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور لاجسٹکس کے شعبے میں سرمایہ کاری کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بحری سرگرمیوں میں یہ تیزی ملک میں تجارتی وسعت اور کاروباری اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے اس پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی شپنگ لائنز کے پاکستان پر مسلسل بڑھتے ہوئے اعتماد اور پورٹ کی آپریشنل کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے عالمی تجارتی راہداریوں میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔