لاہور(رم نیوز)پنجاب حکومت آج آئندہ مالی سال کے لیے 5 ہزار 131 ارب روپے حجم کا بجٹ ایوان میں پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کریں گے جس میں تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کی طرز پر 7 فیصد اضافے کا امکان ہے۔تعلیم کے لیے 900 ارب روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے جس میں طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ، الیکٹرک سکوٹیز اور 'ہونہار سکالرشپ' شامل ہیں۔ صحت کےلیے 680 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں مفت ادویات اور کینسر و فالج کے علاج کے فنڈز شامل ہیں۔ 'ستھرا پنجاب پروگرام' کے لیے 150 ارب، وزیراعلیٰ کے جاری منصوبوں کے لیے 200 ارب، رمضان پیکج کے لیے 35 ارب اور کسان کارڈ کے لیے 10 ارب روپے کی سفارش کی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق اس بجٹ کا بنیادی مقصد صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
پنجاب کا 5131 ارب روپے کا بجٹ آج پیش ہوگا، تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کا امکان