مفاہمتی یادداشت جنگ کے خاتمے کی طرف اہم قدم ہے، لیکن ہم ہر صورتحال کے لیے تیار ہیں :ایرانی صدر

تہران(رم نیوز)ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ دستخط ایرانی حقوق کا احترام کرنے کے امریکی عزم کو جانچنے کے لیے کیے گئے ہیں، اور یہ یادداشت باضابطہ مذاکرات کے آغاز کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

ایرانی صدر کے مطابق، سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اس معاہدے میں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری شقیں شامل کروائیں جس کے بعد پارلیمنٹ نے بھی اس کی منظوری دی۔ دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے تصدیق کی ہے کہ اس تاریخی دستاویز پر امریکہ کی طرف سے صدر ٹرمپ اور انہوں نے خود، جبکہ ایران کی جانب سے پارلیمانی سپیکر باقر قالیباف نے دستخط کیے ہیں۔ ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ معاہدہ جنگ بندی کے لیے اہم ہے لیکن ایران ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔