خشک سالی کا عالمی دن، صدر زرداری کا جنگلات اور چراگاہوں کے تحفظ پر زور، ماحولیاتی بحالی کو قومی ترجیح قرار دے دیا

اسلام آباد(رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے صحرا بندی اور خشک سالی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چراگاہوں، جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اور خشک سالی ملک کے قدرتی ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ جنگلات، چراگاہوں اور آبی ذخائر کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہماری قومی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ صحت مند چراگاہیں غذائی سلامتی، ماحولیاتی توازن اور دیہی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اراضی کے انحطاط کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل کا تحفظ ہی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔