کراچی(رم نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) نے فضائی میزبانوں کے لیے لگیج قوانین اور ضابطہ اخلاق کو مزید سخت کرتے ہوئے دورانِ ڈیوٹی اور ہوٹل قیام کے دوران سگریٹ، سگار اور تمباکو سے متعلقہ اشیاء ساتھ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، کیبن کریو کو اپنے ذاتی سامان میں تمباکو نوشی کا سامان لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم کسٹمز قوانین کے مطابق مخصوص تعداد میں سگریٹ رکھنے کی مشروط گنجائش دی گئی ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ نئی پالیسی پر لازمی عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ فضائی میزبان کو فوری معطل کر کے سخت انکوائری کا سامنا کرنا ہوگا۔ دوسری جانب، پی آئی اے کے ترجمان نے اس معاملے پر فی الحال اپنا مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔