اسلام آباد/نیویارک(رم نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا مکتوب سلامتی کونسل کی صدر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔خط میں بھارت کے اقدامات کو پاکستان کے آبی تحفظ اور عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
بھارت دریائے چناب پر غیر قانونی تعمیرات اور یکم اگست سے شروع ہونے والے "لنک-3 پروجیکٹ" کے ذریعے پانی کا رخ موڑ کر اسے بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ بھارت چناب کا 1.9 ملین ایکڑ فٹ پانی بیاس میں منتقل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ سالال ڈیم کے ذریعے پانی کے بہاؤ پر ناجائز کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے یاد دلایا کہ عالمی عدالت (پرمننٹ کورٹ آف آربیٹریشن) واضح کر چکی ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر معاہدہ معطل نہیں کر سکتا۔پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی وزراء کے "پانی روکنے" کے بیانات اور ان خلاف ورزیوں پر نئی دہلی کو جوابدہ ٹھہرائے۔