انسٹاگرام اپڈیٹ، اب ہر تصویر اور ویڈیو کے لیے علیحدہ کیپشن ہوگا

کیلیفورنیا(رم نیوز)انسٹاگرام نے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرانا شروع کر دیا ہے جس کے تحت ملٹی فوٹو اور ویڈیو پوسٹس میں ہر تصویر یا ویڈیو کے لیے الگ الگ کیپشن شامل کیا جا سکے گا۔ کمپنی کے مطابق اس اپڈیٹ کا مقصد صارفین کو زیادہ تفصیل اور وضاحت کے ساتھ پوسٹس شیئر کرنے کی سہولت دینا ہے۔ اس سے قبل ایک ملٹی پوسٹ میں صرف ایک ہی کیپشن شامل کیا جا سکتا تھا۔ نئے فیچر تک رسائی ایک ٹوگل آپشن کے ذریعے ہوگی جو کیپشن سیکشن پر کلک کرنے سے ظاہر ہوگا۔ انسٹاگرام کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے دستیاب کیا جا رہا ہے۔