ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان؛ بارڈر سکیورٹی اور تجارت پر اہم مذاکرات آج ہوں گے

اسلام آباد(رم نیوز) ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آج پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق، ایرانی صدر اپنے دورے کے دوران صدرِ پاکستان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے باضابطہ مذاکرات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیرِ اعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت، توانائی، بارڈر سکیورٹی، اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔