اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری اور گورنر سندھ نہال ہاشمی کے مابین قومی اسمبلی میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سمندری آلودگی کے خاتمے اور ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ اپنے آئندہ دورہ کراچی کے دوران میرین پولیوشن کنٹرول بورڈ کا خصوصی اجلاس طلب کریں گے تاکہ ساحلی آلودگی کے سدباب کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے عالمی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سمندری کچرے میں پلاسٹک کا حصہ 50 فیصد سے زائد ہو چکا ہے، جس کے تدارک کے لیے ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے بندرگاہی پانیوں کی صفائی کا آپریشن باقاعدگی سے جاری ہے۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے وفاق اور صوبوں کے مابین بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کچرے کا مؤثر انتظام، مینگروز کا تحفظ اور پائیدار معاشی سرگرمیاں ساحلی آبادیوں کے روزگار اور ماحولیاتی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے عزم ظاہر کیا کہ مشترکہ ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے پائیدار بحری ترقی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔