فلاڈلفیا(رم نیوز) فیفا فٹبال ورلڈکپ کے گروپ آئی کے ایک اہم مقابلے میں فرانس نے عراق کو 0-3 سے پچھاڑ کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ فرانس کی اس فتح میں سٹار فٹبالر کائلان ایمباپے نے دو گول کرکے اہم کردار ادا کیا۔ فلاڈلفیا سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں فرانسیسی ٹیم کا پلہ بھاری رہا اور میچ کے 14ویں منٹ میں ہی ایمباپے نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
عراقی ٹیم نے میچ میں واپسی کے لیے سرتوڑ کوششیں کیں لیکن فرانس کے مضبوط دفاع کے آگے بے بس نظر آئی۔ میچ کے پہلے ہاف کے دوران شروع ہونے والی بارش ہاف ٹائم تک اتنی تیز ہو گئی کہ خراب موسم کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔ موسم کی خرابی کے سبب میچ کا دوسرا ہاف 2 گھنٹے اور 15 منٹ کی طویل تاخیر کے بعد شروع ہو سکا، جس کے بعد فرانس نے مزید گول کر کے کامیابی اپنے نام کی۔