آبنائے ہرمز کا مستقبل, مستقل انتظام کے لیے ایران اور عمان کا مشترکہ ورکنگ گروپ قائم

مسقط(رم نیوز) ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت کے مستقل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایرانی وفد کی مسقط میں عمانی حکام سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں سامنے آیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، آبنائے ہرمز سے متعلق تمام فیصلے دونوں ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کیے جائیں گے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے 'اسلام آباد مفاہمتی فریم ورک' کا حصہ ہے، جس کے تحت ایران 60 روز تک تجارتی جہازوں کو بغیر کسی ٹیکس کے گزرنے دینے اور خلیجی ممالک سے بات چیت کرنے کا پابند ہے۔ واضح رہے کہ ایران اس گزرگاہ پر سکیورٹی فیس نافذ کرنا چاہتا ہے جبکہ عمان کا موقف اس کے برعکس ہے، جس کے حل کے لیے اب یہ ورکنگ گروپ دیگر ساحلی ممالک سے بھی مشاورت کرے گا۔