منامہ (رم نیوز) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مستقبل کا کوئی بھی معاہدہ خلیجی اتحادیوں کے تحفظ سے مشروط ہوگا، تہران کو خطے میں اپنی پراکسیز کی حمایت فوری ترک کرنا ہوگی۔ منامہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکہ صرف لفاظی کے بجائے ایران کے عملی اقدامات دیکھ کر ہی اس کی نیک نیتی کا فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے سخت لہجہ اپناتے ہوئے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز سے بین الاقوامی بحری ٹریفک کی آمدورفت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو معاہدے کی کھلی خلاف ورزی مانا جائے گا، جبکہ عمان نے بھی اس آبی گزرگاہ پر کسی بھی قسم کے ٹول ٹیکس کی وصولی کو مسترد کر دیا ہے۔ مارکو روبیو نے واضح کیا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ ایرانی فنڈز کی بحالی یا منجمد اثاثوں سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے وینزویلا کے حالیہ زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وہاں امریکی امدادی ٹیمیں بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔