اسلام آباد (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے فنانس بل 27-2026 کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد یہ بل باقاعدہ قانونی حیثیت اختیار کر کے 'فنانس ایکٹ' بن چکا ہے۔ صدارتی دستخط کے بعد 18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کا یہ وفاقی بجٹ یکم جولائی 2026 سے ملک بھر میں نافذ العمل ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق منظور شدہ فنانس بل وزارتِ پارلیمانی امور کو واپس موصول ہو گیا ہے۔
نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی فنانس بل میں شامل تمام مالیاتی اقدامات، ٹیکسز، ڈیوٹیز کی ترامیم اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن میں 7 فیصد اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ فنانس بل میں شامل اقدامات کا مقصد ملکی معیشت کو مستحکم کرنا، محصولات میں اضافہ اور مالی نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے، جبکہ تنخواہوں میں اضافے سے ملازمین کو ریلیف ملے گا۔ فنانس ایکٹ کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نئے مالی سال کے اہداف اور ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔