کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا:امریکہ کا ایران کو دوٹوک پیغام

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی یا کشیدگی بڑھانے کی کوشش کی تو تشدد کا جواب تشدد سے دیا جائے گا۔ امریکی مذاکراتی ٹیم کی قیادت کرنے والے جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ ایران نے جس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، امریکا اس کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران کو معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر کوئی اعتراض ہے تو وہ براہِ راست رابطہ کر سکتا ہے، لیکن واشنگٹن کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دے گا۔ دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایران پر کیے گئے حالیہ امریکی حملے خلیج میں ایک بحری جہاز پر ڈرون حملے کا ردعمل ہیں، جس کا الزام امریکا نے تہران پر عائد کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن خطے میں اپنے مفادات اور اتحادیوں کے دفاع کے لیے ایران کی جانب سے کسی بھی نئی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرے گا۔