یورپ میں شدید ہیٹ ویو: ایک ہفتے میں 1300 سے زائد افراد جاں بحق، عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

جنیوا(رم نیوز) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبریاسس نے انکشاف کیا ہے کہ 21 جون سے یورپ میں شروع ہونے والی غیر معمولی ہیٹ ویو کے باعث اب تک 1300 سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ جرمنی، پولینڈ اور جمہوریہ چیک میں گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں جبکہ اب یہ لہر مشرق کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق، فرانس میں معمول سے 1000 اور سپین میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جن میں اکثریت 65 سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی ہے جبکہ گھروں میں ہونے والی اموات میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سربراہ ٹیڈروس نے خبردار کیا ہے کہ یورپ عالمی اوسط کے مقابلے میں دو گنا زیادہ رفتار سے گرم ہونے والا براعظم ہے، اور یہاں کے گھر، اسکول اور دفاتر ایسی شدید گرمی کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ہیٹ ویو کے باعث کروڑوں افراد متاثر ہیں، اسکول بند کر دیے گئے ہیں اور بجلی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔